سیہون شریف: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 8 فروری پیپلز پارٹی کی فتح کا دن ہوگا، اس بار الیکشن میں پرانے سارے ریکارڈ توڑ کر کامیابی حاصل کریں گے۔
بھان سعید آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ماضی میں کئی اتحاد بنے مگر ناکام ہوئے، اس مرتبہ سندھ میں ناتجربہ کار اتحاد بنانے کی کوشش کی گئی ہے، بشیر میمن پولیس والا ہے، اسے سیاست کا اتنا تجربہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا نواز شریف نے ملک واپس آنے میں بہت دیر کر دی، ہم نے تو 2 سال پہلے ہی کہا تھا کہ نواز شریف پاکستان آئیں، نواز شریف کو ویلکم کرتے ہیں، وہ انتخابات لڑیں، مگر عوام پیپلز پارٹی کو چاہتے ہیں۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کا دیوالہ نکال دیا، پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ مشکل وقت میں کون ساتھ کھڑا تھا اور کون ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔