ن لیگ پریشر کا شکار، لگ نہیں رہا وہ انتخابات سے خوش ہے: شرجیل میمن

Published On 26 December,2023 07:54 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے کہا کہ ن لیگ پریشر کا شکار ہے، لگ نہیں رہا وہ انتخابات سے خوش ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستائیس دسمبر کو بینظیر بھٹو کی سولہویں برسی منائی جارہی ہے، ملک بھر کے جیالے گڑھی خدا پہنچ کر شہید رانی کو خراج عقیدت پیش کریں گے، ہر حال میں دشمنوں اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والی شہید بینظیر کی جدوجہد دنیا کے لئے مشعل راہ ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا فلسفہ رہا ہے، ن لیگ دن بدن سائیکلوجل پریشر کا شکار ہو رہی ہے، ن لیگ کی سرگرمیوں سے لگ نہیں رہا کہ وہ انتخابات سے خوش ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے الیکشن سے پہلے قائد ن لیگ لندن واپس چلے جائیں گے، اگر فری اینڈ فیئر انتخابات ہوں تو پیپلزپارٹی کلین سویپ کرے گی۔