سیاسی رہنماؤں کے عدالتوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی

Published On 29 December,2023 09:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی کے وکلاء کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہم سیاسی رہنماؤں کے عدالتوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

لطیف کھوسہ سمیت دیگر پی ٹی آئی وکلاء ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کبھی ن لیگ سپریم کورٹ پر حملہ آور ہوتی ہے اور کل سے یہ لوگ پشاور ہائی کورٹ پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کے عدالتوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، ن لیگ نے الیکشن کمیشن کو اپنی کٹھ پتلی بنایا ہوا ہے، ن لیگ ماضی میں اداروں پر چڑھائی کرتی رہی ہے، بلا 70 فیصد عوام کی امیدوں کا نشان ہے، مخالفین کی کوشش ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس بلے کا نشان نہ رہے۔

گوہر علی خان نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن میں پٹیشنز فائل کر چکے ہیں کہ کیسے ہمارے امیدواروں سے کاغذات چھینے گئے، ان کے تجویز و تائید کنندگان کو اٹھایا گیا اور جن کی سکروٹنی ہو گئی ہے ان پر آرڈر نہیں ہوا، ہم عدلیہ سے بھی کہہ رہے ہیں کہ اس پر جلد از جلد نوٹس لیں، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو الیکشن سے باہر کرنے کی کوشش دراصل جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 175 سیاسی جماعتوں میں کسی نے اس طرح شفاف انتخابات نہیں کروائے جس طرح تحریک انصاف نے کروائے، آج تحریک انصاف کا ایک عام ورکر چیئرمین کی حیثیت سے آپ کے سامنے بیٹھا ہے، ہمارا اصل لیڈر کل بھی بانی پی ٹی آئی تھا اور ہمیشہ رہے گا۔

لطیف کھوسہ
رہنما تحریک انصاف لطیف کھوسہ نے کہا کہ ایک طرف بانی پی ٹی آئی کو بائیو میٹرک کیلئے بلا کر ہائیکورٹ کے کمرے میں تشدد کرکے گرفتار کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف نااہل شخص کیلئے بائیو میٹرک مشین ایئرپورٹ پر پہنچائی جاتی ہے۔

لطیف کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا، اسے چوتھی بار وزیراعظم بنانے کیلئے لایا گیا، بادشاہ سلامت کے کاغذات بھی منظور ہو گئے، ہمارے کسی امیدوار کے کاغذات منظور نہیں ہوئے، دنیا سب دیکھ رہی ہے، تاریخ میں لکھا جائے گا۔ یہ تاریخ کی بدترین دھاندلی ہے۔