کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مذاکرات میں آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا تاحال فیصلہ نہ ہوسکا۔
ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان بہادر آباد مرکز میں بڑی بیٹھک ہوئی، اس موقع پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران دیگر معاملات کے علاوہ کراچی کے حلقہ این اے 242 کی نشست پر کسی بھی جماعت کے الیکشن لڑنے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، آئندہ بیٹھک میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر حتمی فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شہر قائد کو اس کا حق دینے کے لئے آیا ہوں: شہباز شریف
یاد رہے کہ شہباز شریف اور مصطفیٰ کمال نے حلقہ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا رکھے ہیں۔
قبل ازیں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کا وفد متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچا تھا۔
شہباز شریف اور وفد کا استقبال متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی، مصطفی کمال، امین الحق اور رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کیا تھا۔
مزید پڑھیں:اقتدار میں آ کر کراچی سے ٹینکر مافیا کا خاتمہ کریں گے: شہباز شریف
اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف کا سلام اور خصوصی پیغام متحدہ کی قیادت کو پہنچایا۔
شہبازشریف نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ اپنے دوستوں سے ملنے آیا ہوں، نواز شریف کا پیغام اور سلام لایا ہوں۔