کراچی: (دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں پانی کا شدید مسئلہ ہے، آج تک ٹینکر مافیا کا راج ہے، اقتدار میں آ کر خاتمہ کیا جائے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے، ملکی معیشت میں کراچی اہم کردار ادا کر رہا ہے، شہر قائد کی معیشت ملکی معیشت کا نصف ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے ہمیشہ کراچی کو اہمیت دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر شہروں کے لوگ بھی کراچی میں رہتے ہیں، کراچی پاکستان کا گیٹ وے کہلاتا ہے، شہر قائد کے تاجر، صنعتکار حلال کی کمائی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔
’نوازشریف نے کراچی سے بدامنی کا خاتمہ کیا‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف جب تیسری بار وزیراعظم بنے تو کراچی کا امن تباہ ہو چکا تھا، شہر میں بھتہ خوری ہوتی تھی، کراچی کے عظیم صنعتکار اس شہر کو خدا حافظ کہہ رہے تھے، نوازشریف نے تمام لائن فورسز ایجنسیز، صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر بدامنی کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا سنہری کارنامہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، بدامنی ختم ہونے پر پاکستان کے عظیم صنعتکاروں نے دوبارہ کراچی میں آکر کاروبار شروع کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد نوازشریف کی کراچی کیلئے بہت اہم خدمات ہیں، گرین لائن ایک شاندار منصوبہ ہے، نوازشریف نے گرین لائن منصوبے کو وفاق کے وسائل سے 100 فیصد فنانس کیا، اگر دھاندلی کے ذریعے اقتدار نہ چھینا جاتا تو حیدر آباد کراچی موٹروے کب کا مکمل ہوچکا ہوتا۔
’کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنائیں گے‘
انہوں نے کہا کہ ہم پبلک ٹرانسپورٹ اور انفرااسٹرکچر جیسے منصوبوں کو تیزی سے آگے لیکر جائیں گے، پاکستان اس ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کی کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت ہوتی ہے، کراچی شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بہت برا ہے، کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنائیں گے۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ کراچی شہر میں پانی کا شدید مسئلہ ہے، آج تک ٹینکر مافیا کا راج ہے الیکشن جیت کر اس کا خاتمہ کیا جائے گا، سب سے بڑا کماؤ شہر اورسب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر کراچی ہے، صحت کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی دن رات کام کریں گے، ہم نوازشریف کی قیادت میں شبانہ روز محنت کریں گے۔
’ن لیگ بھرپور طریقے سے الیکشن لڑے گی‘
انہوں نے کہا کہ اب الیکشن کی آمد آمد ہے، ن لیگ بھرپور طریقے سے الیکشن لڑے گی، پاکستان کے تمام نوجوان اس الیکشن میں حصہ لیں گے، ن لیگ نوازشریف کی قیادت میں انتخابی مہم میں حصہ لے گی، ہمارا منشور پوری قوم کے سامنے جلد آنے والا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہنر دینا ہے، نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیور سے آراستہ کرنا ہے، بہنوں اور بیٹوں کو جدید تعلیم دینا ہماری پہلی ترجیح ہے، ملک میں بڑھتی بیروزگاری میں کمی لانے کے حوالے سے پروگرام قوم کے سامنے لائیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اللہ نے اگر مسلم لیگ ن کو موقع دیا تو تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر کام کریں گے، 4 سالہ دور تاریک ترین دور تھا، معاشرے میں زہر گھولا گیا جس کا خاتمہ ضروری ہے، ماضی میں دست وگریبان ہوتے رہے، ایک سفر کو شروع کرنے کیلئے پہلا قدم اٹھانا پڑتا ہے، ہم پہلا قدم اٹھائیں گے اور ملکر قوم کو جوڑیں گے۔