ایک پارٹی الیکشن کیلئے تڑپ رہی تھی، شیڈول آتے ہی غائب ہوگئی: فردوس عاشق اعوان

Published On 28 December,2023 07:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایک جماعت الیکشن کیلئے تڑپ رہی تھی لیکن الیکشن شیڈول کا اعلان ہوتے ہی غائب ہوگئی۔

لاہور میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما آئی پی پی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی چور دروازے سے الیکشن میں آنا چاہتی ہے، تحریک انصاف کھلے دروازے سے الیکشن میں آئے تو ویلکم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں ریلیف کسی خاص جماعت کو مل رہا ہے، عدالتوں کو تسلیم کریں، معیار ایک ہونا چاہیے، پسند ناپسند نہیں ہونی چاہیے، 9 مئی میں مفرور یا نامزد ملزم پر قانون لاگو ہونا چاہیے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ الیکشن کا بگل بجنے کے بعد سکروٹنی الیکشن کا حسن دوبالا کر رہی ہے، امیدواروں کی سکروٹنی اور شمولیت الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے، سکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد پارٹی ٹکٹ جاری کریں گے۔