کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن پر حملے کے مترادف ہے۔
شہبازشریف نے پارٹی امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، آپ لوگ (ن) لیگ فیملی کا حصہ بن گئے ہیں، ترقی اور خوشحالی کے سفرمیں سب کو ساتھ لیکرچلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا اولین چیلنج ہے: شہباز شریف
شہبازشریف نے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے، ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، انتخابات میں کامیابی کے لئے بھرپور محنت کریں گے، آج خوشی کا دن ہے سندھ سے بڑی تعداد میں لوگ (ن) لیگ میں شامل ہوئے، مسلم لیگ (ن) دوبارہ سندھ میں ایک اچھی طاقتور جماعت بننے جارہی ہے، یقین دلاتا ہوں آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی باضابطگیوں کے خلاف فیصلہ دیا تھا، ہائی کورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن پر حملے کے مترادف ہے، 2018ء میں آر ٹی ایس کے ذریعے مینڈیٹ چھینا گیا تھا، پشاورہائی کورٹ ایک صوبے کی ہائی کورٹ ہے، پشاور ہائی کورٹ کس طرح پورے ملک کا فیصلہ دے سکتی ہے، انصاف کا تقاضا یہ تھا جج صاحب عزیزداری کی بنا پر بینچ سے الگ ہوجاتے، ایسے جج کی تعنیاتی ہوتی جن کا کسی امیدوار سے تعلق نہ ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کا ملک بھر میں انتخابی جلسے کرنے کا فیصلہ
ن لیگ کے صدر نے کہا کہ یہ بہت حساس نوعیت کا معاملہ ہے، یہ ایک سوالیہ نشان ہے، ہم الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہیں، 2018ء میں بدترین دھاندلی کے ذریعے پی ٹی آئی کو اقتدار دلوایا گیا، 2018ء کے الیکشن میں رات کوجعلی ووٹ ڈال کر ڈبوں کو بدلا گیا۔
شبہازشریف نے کہا کہ ہمیں 2018ء سے سبق حاصل کرنا چاہئے، پوری قوم عدلیہ سے انصاف پرمبنی فیصلوں کی توقع کرتی ہے، ایسے فیصلوں سے طرف داری کی بو آتی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے ترازو کو ایک طرف جھکایا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مانسہرہ : پی ٹی آئی کے اعتراض مسترد، نوازشریف کے کاغذات نامزدگی منظور
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے سولہ ماہ میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا تو ملک میں پٹرول، ڈیزل اور ادویات نہ ملتیں، اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا تو عالمی ادارے پاکستان کا بائیکاٹ کر جاتے، اللہ کے فضل سے اتحادی حکومت نے مل کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اگر پاکستان دیوالیہ ہو جاتا تو لوگ میری قبر پر بھی کتبے لگاتے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے ریاست بچ گئی، انشا اللہ سیاست بھی بچ جائے گی، ہم الیکشن میں جا رہے ہیں، لاڈلہ وہ ہے جس کو عدالت میں گڈ ٹو سی یو کہا جاتا ہے، جو شخص نو مئی غداری میں ملوث ہے اس کو سہولتیں دینا لمحہ فکریہ ہے۔