راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکام بالا سے کہتا ہوں یہ ملک ڈوب رہا ہے کیونکہ آپ چوروں کو لے کر آئے ہیں۔
لال حویلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ایک چور کا بائیو میٹرک ایئر پورٹ پر کیا گیا، ایک چور میرا راستہ روکنا چاہتا ہے، ایک ایسا شخص جو 16 بار وزیر رہا اس پر الزام لگایا گیا، میں نے کبھی مری کا ریسٹ ہاؤس نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا مری ریسٹ ہاؤس کے واجبات ادا نہیں کیے، میں نے خانہ کعبہ کی چھت پر نماز پڑھی ہے، میں کبھی مری کے کسی ریسٹ ہاؤس میں نہیں ٹھہرا، مجھ پر آپ نے 3 جھوٹے الزام لگائے ہیں، میں ان لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ چوری کیلئے عقل چاہیے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے صرف بانی پی ٹی آئی کو صادق اور امین نہیں کہا، سپریم کورٹ نے شیخ رشید کو بھی صادق اور امین کہا ہے، میں سچائی کی خاطر زندہ رہوں گا، میں اصلی اور نسلی ہوں، کھڑا رہوں گا۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی تک آر او نے کوئی کاپی نہیں دی، میں نے ٹی وی پر سنا کہ نا اہل ہوگیا ہوں، حکام بالا سے کہتا ہوں لوگوں کو الیکشن لڑنے دو، معاشی لحاظ سے ملک بیٹھ رہا ہے، اقتصادی، معاشی، سیاسی طور پر اس ملک کو زندہ رہنے دو۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے 40 دن کا چلہ کاٹا، کسی نے تشدد نہیں کیا، قلم دوات حلقہ 56 اور57 میں اتحادیوں کی سپورٹ سے جیتے گی، ان کو پتا ہے کہ عوام کدھر ہیں، ان کو معلوم ہے لوگ قلم دوات کے ساتھ ہیں، آر او صاحب میں لال حویلی میں بیٹھا انتظار کر رہا ہوں، میرا جرم کیا ہے، اگر آر او نے میرا جرم نہ بتایا تو صبح ہائی کورٹ پیش ہوں گا۔