اسلام آباد: (دنیا نیوز) سارہ انعام قتل کیس میں مقتولہ کے والد انعام الرحیم نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
مقتولہ سارہ انعام کے والد نے مجرم کی والدہ ثمینہ شاہ کو بری کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی، انعام الرحیم نے وکیل راؤ عبد الرحیم کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیشن عدالت نے ثمینہ شاہ کو کیس سے بری کیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیشن عدالت کا ثمینہ شاہ کو کیس سے بری کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، ثمینہ شاہ کو زیادہ سے زیادہ سزا سنائی جائے۔
اس موقع پر عدالت کے باہر مقتولہ سارہ انعام کے والد انعام الرحیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقوعہ والے روز فارم ہاؤس پر 3 افراد تھے۔
انہوں نے کہا کہ شاہنواز امیر نے قتل کیا جبکہ اس کی والدہ ثمینہ شاہ بھی وہاں موجود تھی، ایسا ہو نہیں سکتا کہ ثمینہ شاہ جرم میں ملوث نہ ہو، مجرم شاہنواز امیر کو جو سزا سنائی گئی اس سے مطمئن ہوں۔