اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحصیل مئیر حویلیاں عاطف منصف کے قتل کیس میں نامزد ملزم زرخان جدون کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی، وکیل درخواست گزار نے دلائل میں کہا کہ یہ کیس بغیر ثبوتوں کے بنا ہوا ہے، درخواست گزار بیرون ملک تھے، بیٹی کی بارات کیلئے وطن واپسی ہوئی، ایبٹ آباد کی متعلقہ عدالت پہنچنے تک حفاظتی ضمانت دی جائے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ مقامی عدالت سے رجوع کریں، میں یہاں سے درخواست نمٹا دیتا ہوں، عدالت نے درخواست ضمانت نمٹاتے ہوئے مئیر حویلیاں کے قتل کے شریک ملزم کو مقامی عدالت پیشی کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ مارچ 2023ء میں تحصیل چیئرمین حویلیاں عاطف منصف خان 11 ساتھیوں سمیت قتل ہو گئے تھے۔