وقتی مینڈک کی طرح نکلنے والے انتخابات ہار گئے تو 5 سال نظر نہیں آئیں گے: احسن اقبال

Published On 03 January,2024 05:43 pm

نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن آیا ہے تو یہ لوگ وقتی مینڈک کی طرح نکل آئے ہیں، الیکشن ہار گئے تو یہ لوگ 5 سال نظر نہیں آئیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے الیکشن ہال کے افتتاح پر ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء تک کا سفر کامیابی سے مکمل کیا، پانچ سالوں میں 4 سال تبدیلی کی نظر ہو گئے، وہ ترقی کا سفر جو پاکستان نے 2013ء میں نوازشریف کی قیادت میں شروع کیا تھا 2018ء میں چند لوگوں کی سازش کے ساتھ ہمارے سروں پر مسلط کر دیا گیا۔

2018ء کے جلسوں میں کہا تھا اناڑی کو موٹر سائیکل کی چابی دیں گے تو اپنا سر بھی پھاڑے گا موٹر سائیکل بھی توڑ دے گا، کسی چیئرمین یونین کونسل کو وزیراعظم بنا دیا جاتا تو بانی پی ٹی آئی سے بہتر ملک چلا کر دکھاتا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ایک بندہ جس نے کبھی یونین کونسل بھی نہیں چلائی تھی اور اپنا گھر بھی نہ چلا سکا اس کے ہاتھ میں ایٹمی قوت کی کنجیاں پکڑا دی گئیں، اس نے پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، میری سیاست کے تین اصول ہیں امن، تعلیم اور ترقی۔