رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے: محکمہ موسمیات

Published On 03 January,2024 10:43 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، اسلام آباد سمیت پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخواکے میدانی علاقوں میں شدید دھند، سموگ چھائی رہے گی۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد سمیت پنجاب ،خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھند، سمو گ کی لپیٹ میں رہے تاہم دالبندین میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 12 ، سکردو منفی 10، کالام ، گوپس، گلگت منفی 6، سری نگر، استور منفی 5 اور ہنزہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔