اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سفیروں کی کانفرنس میں شرکت کی، وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا، کانفرنس میں اہم دارالحکومتوں سے پاکستان کے سفیر شریک ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ کانفرنس میں خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے، نگران وزیر خارجہ نے سفیروں کی کانفرنس کے فریم ورک کو اجاگر کیا، جلیل عباس جیلانی نے دفتر خارجہ کے کردار کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد پوری دنیا میں امن اور باہمی فائدہ مند تعلقات کیلئے ہونا چاہئے، پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کیلئے کھڑا رہے گا۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) January 4, 2024
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اقتصادی سفارت کاری کو مرکزی دھارے میں لانا اور فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان جموں و کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوامی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی ہمیشہ حمایت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قطر سے تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں: وزیر اعظم
انہوں نے کہا کہ کانفرنس خطے اور دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں کے پس منظر میں بروقت اور متعلقہ ہے، نگران وزیراعظم نے دفتر خارجہ اور پاکستانی سفارتکاروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ وزرات خارجہ میں سفرا کی تین روزہ کانفرنس جاری ہے، پاکستانی سفرا کانفرنس 6 جنوری تک جاری رہے گی، کانفرنس مختلف خطوں اور ممالک سے دوطرفہ تعلقات پر غور کے بعد تجاویز دے گی۔