اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے اور التوا کی قرارداد کیخلاف نئی قرارداد سینیٹ میں جمع کرا دی گئی۔
بروقت انتخابات کی قرارداد جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے جمع کرائی، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کا انعقاد دستوری تقاضا ہے، دستور کے مطابق انتخابات مقررہ وقت پر کرائے جائیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی آچکا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، امن و امان اور خراب موسم کو بنیاد بنا کرانتخابات کے التوا کی قرارداد غیردستوری اور غیر جمہوری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں 8 فروری کے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور
قرار داد کے متن کے مطابق سینیٹ آف پاکستان کو ماورائے آئین کسی اقدام کا کوئی اختیار نہیں، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں 8 فروری کو صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں۔
جماعت اسلامی کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، انتخابات کے التوا سے متعلق پاس کردہ قرارداد کو کالعدم قرار دیا جائے۔