راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے سیاست اور پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا۔
سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے ضمانت منظور ہونے پر ویڈیو پیغام جاری کر دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ میں 2017ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا، میں نے راولپنڈی میں آئی ایل ایف کی بنیاد رکھی تھی۔
عمر تنویر بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا مقصد ملک کے اندر ایک نیا سسٹم لانا تھا، عمران خان نے رجیم چینج آپریشن کے بعد فوج مخالف بیانیہ بنانا شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج مخالف بیانیے پر مجھے پہلے سے تشویش تھی، عمران خان فوج، اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کر رہے تھے، 9 مئی کا واقعہ عوام اور اداروں کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش تھی۔
عمر تنویر بٹ نے کہا کہ حماد اظہر، شیریں مزاری اور مراد سعید جیسے لوگوں نے اس بیانیے کو پروان چڑھایا، میں ریاست مخالف بیانیے کا بوجھ مزید برداشت نہیں کر سکتا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے آج ہی عمر تنویر بٹ کی ضمانت منظور کی ہے، عمر تنویر بٹ کو 14 دسمبر کو تھانہ سٹی پولیس نے حراست میں لیا تھا۔