اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ 14 سینیٹرز کی موجودگی میں الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ میری میٹنگ ہوئی اور کاغذات لے کر جانے کی اجازت ملی ہے، پیر والے دن ہمارا ٹکٹوں والا مسئلہ حل ہو جائے گا، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ وقت پر الیکشن ہوں گے، چند سینیٹرز نے قرار داد پاس کی اس کی کوئی آئینی و قانونی حیثیت نہیں۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹوں کے اجراء کیلئے مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تحریک انصاف پرامید ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، ٹکٹوں سے متعلق نام ابھی خفیہ ہیں ایک دو دن میں نام سامنے آجائیں گے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں اور ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، ہم ملک کے ساتھ ،عوام کے ساتھ اور قانون کی بالا دستی کے ساتھ ہیں۔