کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدر پاکستان محمد میاں سومرو نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے راجہ ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران جی ڈی اے کے مرکزی رہنما پیر سید صدر الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر صفدر عباسی، سابق وزرا اعلیٰ سید مظفر حسین شاہ، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، سردار عبدالرحیم اور دیگر موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملک کی اور خاص طور پر سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران سندھ میں انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران سابق صدر نے سندھ میں عام انتخابات کے دوران جی ڈی اے کی حمایت حاصل کر لی۔
اس موقع پر پیر پگارا نے کہا کہ سندھ میں تبدیلی کے علاوہ کوئی ترقی نہیں ہوگی، 15 برسوں سے صوبے میں لوٹ کھسوٹ جاری ہے اس کو روکنا ہماری ذمہ داری ہے۔
پیر پگارا نےکہا کہ سندھ کے عوام کو اپنا مستقبل تبدیل کرنے کیلئے جی ڈی اے کو کامیاب کرنا ہو گا، ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے جی ڈی اے ہی اہم کردار ادا کر ے گی۔