عام انتخابات کے لیے لاہور کی ابتدائی پولنگ سکیم تیار

Published On 12 January,2024 01:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عام انتخابات کے لیے لاہور کی ابتدائی پولنگ سکیم تیار کر لی گئی۔

دنیا نیوز کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق لاہور کی قومی اسمبلی کی 14 اور پنجاب اسمبلی کی 30 سیٹوں کے لئے 68 لاکھ 58 ہزار 95 شہری ووٹ ڈالیں گے، لاہور میں مرد ووٹرز کی تعداد 36 لاکھ 36 ہزار 253 جبکہ خواتین ووٹرز 32 لاکھ 21 ہزار 842 ہیں۔

ووٹرز کے اعتبار سے لاہور کا سب سے بڑا حلقہ این اے 118 ہو گا جہاں 7 لاکھ 35 ہزار 251 افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے اور سب سے چھوٹے حلقے این اے 124 میں 3 لاکھ 10 ہزار 116 ووٹرز ہیں جبکہ سب سے بڑ ے صوبائی حلقے پی پی 147 میں 3 لاکھ 68 ہزار998 شہری ووٹ ڈالیں گے۔

شہر میں 4 ہزار 354 پولنگ سٹیشنز اور 12 ہزار 991 پولنگ بوتھ بھی قائم کیے جائیں گے جبکہ الیکشن کمیشن لاہور کےلئےحتمی پولنگ سکیم بعد میں جاری کرے گا۔