لاہور: (دنیا نیوز) آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت نے عوامی رنگ اپنانے کی تیاری کر لی۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سیاسی میدان میں ہلچل مچانے کے لیے متحرک ہو گئے، نواز شریف اپنی جماعت کی انتخابی مہم کا آغاز آئندہ بدھ سے کرینگے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز 17 جنوری کو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جلسے سے کریں گے، قائد ن لیگ ملک بھر میں 60 سے زائد جلسوں سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نواز شریف کا 22 جنوری کو مانسہرہ میں پہلا انتخابی جلسہ شیڈول کیا گیا تھا، پہلے شیڈول کے مطابق نواز شریف کے 20 سے 26 جلسے شیڈول تھے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے شیڈول کے مطابق نواز شریف اب 60 سے زائد انتخابی جلسوں سے خطاب کرینگے، مسلم لیگ ن نے پارٹی قائد کے جلسوں کے نئے شیڈول کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف انتخابی جلسوں میں جارحانہ انداز اپنائیں گے، ان کے ہمراہ مریم نواز بھی عوامی اجتماعات میں جارحانہ رویہ ہی اختیار کریں گی جبکہ پارٹی صدر شہباز شریف عوامی جلسوں سے مصالحانہ اور عوامی منصوبوں کے حوالے سے خطاب کریں گے۔
ذرائع ن لیگ نے بتایا ہے کہ چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز اور صدر شہباز شریف 15 جنوری سے انتخابی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔