ڈیووس:(دنیانیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں طرز حکمرانی بتدریج بہتر ہورہی ہے، پاکستان دنیا بھر میں راہداری کیلئے اہم ملک ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے’’ پاتھ فائنڈرز بریک فاسٹ ‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقریب میں مدعو کرنے پر منتظمین کا شکرگزار ہوں، تقریب میں معروف پاکستانی، عالمی دانشور،مصنفین اوردیگر شخصیات شریک تھیں۔
نگران وزیراعظم نے کہا ہے کہ 24 کروڑ آبادی والا پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستان کسی ایک مذہب اورزبان کا ملک نہیں ہے یہاں مختلف قومیں بستی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گورننس سے متعلق چیلنجز کا مقابلہ کررہے ہیں اور ٹیکس نظام میں اصلاحات لائی جارہی ہیں، مؤثر طرز حکمرانی کے ذریعے ہم نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان محل وقوع کے لحاظ سے اہم تجارتی سنگم پر موجود ملک ہے، قدرت نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے، ہمارا ملک سیاحت کیلئے بہترین جگہ ہے، وطن عزیز کی متنوع ثقافت دنیا کیلئے دلچسپی کا باعث ہے۔