کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش اور ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کردی۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ہر طرح کے اسلحے کی نمائش اور ساتھ رکھنے پرپابندی ہوگی، 2024ء کےعام انتخابات میں امن وامان کی صورتحال کو ہرلحاظ سے ممکن بنایا جائے گا، عام انتخابات میں کسی طرح کا کوئی بھی ناگہانی واقعہ وقوع پذیر نہیں ہونا چاہئے، اسلحے پر پابندی کا اطلاق 45 دنوں تک ہوگا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد پر فرائض کی انجام دہی کے دوران اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، پرائیویٹ سکیورٹی کمپنیوں کے گارڈز کو بھی دوران ڈیوٹی اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
مقبول باقر نے بتایا کہ دوران سفر ( ڈالا/ وہیکل) اسلحے کی نمائش کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، بنا ڈھکے مچھلی کی منتقلی اور تجارت پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ یہ اقدام ماحول میں آلودگی کا سبب بنتا ہے، جو انسان کے لئے مضر صحت ہے، اس پابندی کا اطلاق 2 مہینے کے لئے ہوگا، خلاف ورزی کرنے والے پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔