شیخ رشید کے کاغذات منظور کئے جانے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

Published On 16 January,2024 02:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی منظور کئے جانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل اعتراض نے مؤقف اپنایا کہ شیخ رشید نے 4 لاکھ 40 ہزار کے واجبات ادا نہیں کئے، سربراہ عوامی مسلم لیگ ڈیفالٹر ہیں، انہوں نے اپنی پراپرٹی اپنے کاغذات میں ظاہر نہیں کی، شیخ رشید نے مری میں موجود ریسٹ ہاؤس کا کرایہ ادا نہیں کیا۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ قانون کے مطابق انتخابی امیدوار کو 10 ہزار سے زیادہ کا ڈیفالٹر نہیں ہونا چاہیے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ آپ کوئی نہ کوئی آواز تو اسمبلی میں آنے دیں جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ نئی اور ترو تازہ آواز آنی چاہیے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔