8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی، ملک بھر میں عوامی حکومت بنائیں گے: بلاول بھٹو

Published On 15 January,2024 10:28 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 8 فروری کو ملک بھر میں تیروں کی بارش ہوگی، ملک بھر میں ہم عوام دوست حکومت بنائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کے کھوڑو ہاؤس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا وقت آچکا ہے اور چاروں صوبوں سے ایک جماعت پیپلزپارٹی میدان میں ہے، پیپلزپارٹی کامیاب الیکشن مہم چلارہی ہے، منگل کو لاڑکانہ میں عوامی معاشی معاہدے کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ مخالفین کو پچ آؤٹ کرنا اور اکیلے ہی میدان میں کھیلنا چاہتی ہے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کارکنوں، عہدیداروں اور امیدواروں سے درخواست ہے کہ پارٹی کا منشور گھر گھر پہنچائیں، پیپلزپارٹی کے منشور میں پاکستان کے مسائل کا حل موجود ہے، الیکشن اس لئے لڑ رہے ہیں کیوں کہ عوام کے مسائل کا حل ہمارے پاس موجود ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ کا مقابلہ ہوگا، سارے سندھ کی سیٹیں ہم جیتنا چاہتے ہیں، عوام ہمیں ووٹ دیں، ہم سندھ کے چپے چپے میں ترقی چاہتے ہیں جس کے لئے ہمارے نمائندوں کو منتخب کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کچھ لوگوں کو ہواؤں کے رُخ اُن کی طرف ہونے کی غلط فہمی ہے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہم سندھ کے عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہم پر ہمیشہ اعتماد کیا ہے، 8 فروری کو پاکستان پیپلزپارٹی سندھ سمیت ملک بھر سے اکثریت حاصل کرے گی، ہمارا مقابلہ ایک ہی جماعت سے ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ان انتخابات میں شیر کے شکار کا بندوبست کریں گے۔