اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ تحریک انصاف کو سیاسی جماعت کہہ کر سیاست کی توہین نہ کی جائے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جو جماعت انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروا سکتی اسے جمہوریت کے چیمپئن بننے کے دعوے زیب نہیں دیتے، دوسروں کو چور کہتا تھا خود ڈاکو نکلا، توشہ خانہ پر ہاتھ صاف کرتے بھی شرم نہیں آئی، عالمی سطح پر ملک کو کٹہرے میں کھڑا کرنے والوں کو سیاست کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، پاکستان یتیم ملک نہیں کہ کسی بھی بیرونی ایجنٹ کو یہاں مسلط کردیا جائے، جو بھی پاکستان کے آئین اور اسلامی شناخت کو چھیڑے گا اس کا احتساب کریں گے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل جے یو آئی نے مزید کہا کہ صاف شفاف انتخابات ہی ملکی سلامتی کے ضامن ہیں۔