کوئٹہ: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ملک میں ایسی صورتحال نہیں کہ انتخابات نہ ہو سکیں۔
عبدالقدوس بزنجو نے بی این پی کے حمل کلمتی کے والد کی فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہونے چاہئیں، سال 2013ء میں بھی بدتر حالات کے باوجود عام انتخابات ہوئے تھے، سال 2018ء میں شدید گرمی میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ میں بھی انتخابات ہوئے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی اے پی سے پیپلزپارٹی کا رخ کرنے کا مقصد بڑی پارٹی میں رہتے ہوئے بلوچستان کے ایشوز کو اٹھانا تھا، تمام سیاسی جماعتوں سے پیپلزپارٹی کو بہتر پایا، پیپلزپارٹی نے اٹھارویں آئینی ترمیم، بلوچستان پیکج اور این ایف سی ایوارڈ جیسے اقدامات کئے ہیں۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی مفادات پر زیادہ فوکس کرتی ہے، آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بلوچستان میں حکومت بنائے گی، بلوچستان میں سرحدی تجارت کے علاوہ روزگار کے زیادہ مواقع موجود نہیں ہیں، ہم نے بارڈر ٹریڈ کو مؤثر بنایا مگر نگران حکومت نے سرحدیں بند کر کے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا۔
سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بارڈر ٹریڈ بند ہونے سے چھوٹے کاروباری افراد غلط راستوں پر چل نکلے ہیں۔