سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم: شاہراہیں جلسہ گاہ کا منظر پیش کرنے لگیں

Published On 15 January,2024 07:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سیاسی درجہ حرارت بڑھتے ہی تشہیری مہم میں بھی اضافہ ہوگیا، لاہور کی شاہراہیں جلسہ گاہ کا منظر پیش کرنے لگیں۔

لاہور کی شاہراہیں غیر قانونی سیاسی اشتہاری مہم کا محور بن گئیں، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی مرکزی شاہراہوں پر بے دریغ اشتہاری مہم جاری ہے، سیاسی پارٹیوں نے متعلقہ اتھارٹیز سے منظوری لیے اور فیس ادا کیے بغیر ہی تشہیری مہم شروع کردی۔

شہر کی سڑکوں پر سیاسی پارٹیوں کی طرف سے بینرز، فلیکسز اور سٹیمرز کی بھرمار ہے، سڑکوں پر لگے لائٹ پولز پر بھی پارٹی پرچم لہرا دیئے گئے، مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ سمیت دیگر جگہوں پر سیاسی تشہیری مہم کی گئی ہے۔

گورنر ہاؤس اور پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے فیصل چوک پر بھی سیکڑوں بینرز اور قدآور سٹیمرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

پی ایچ اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کی طرف سے فلیکسز اور بینرز لگانے کی اجازت نہیں لی گئی، اتھارٹی کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے سٹیمرز اور بینرز کو اتار رہی ہیں۔