اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فواد چودھری کیخلاف جہلم میں ترقیاتی منصوبوں میں خردبرد کیس کی سماعت کی، سابق وزیر کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا۔
فواد چودھری کے وکیل نے ان کیلئے جیل میں بی کلاس سہولیات کی استدعا کرتے ہوئے ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواست دائر کی۔
عدالت نے سابق وزیر فوادچودھری کی بی کلاس کی سہولیات کے حوالے سے درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ایران والے واقعے پر ساری قوم کو افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب الیکشن اور ذاتی ایشوز پیچھے رہ گئے، اس معاملے پر پوری قوم کو اکٹھا ہونا چاہیے اور ہم اکٹھے ہیں۔