اسلام آباد: (دنیانیوز) صحافیوں کو سپریم کورٹ میں داخلے کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا گیا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری نئے ہدایت نامے میں تمام صحافیوں کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے ، صحافی صرف میڈیا ہاؤسز کے کارڈ دکھا کر سپریم کورٹ کے انٹری گیٹ سے داخل ہوسکتے ہیں۔
ہدایت نامے کے مطابق سپریم کورٹ بلڈنگ میں ویڈیو بنانے یا یوٹیوب پروگرام ریکارڈ کرنا کی ممانعت ہے۔
ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی اہم کیس کی سماعت کے موقع پر کورٹ روم میں صرف ہر میڈیا ہاؤس کی جانب سے صرف ایک رپورٹر کو جانے کی اجازت ہوگی، باقی رپورٹرز کے لیے کسی اور کورٹ روم میں آڈیو لنک فراہم کیا جائے گا۔