لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں سردی کی شدت میں کمی نہ آ سکی جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، قومی شاہراہوں پر حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے آمد و رفت شدید متاثر ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا، موٹروے ایم 2 کو ٹھوکر نیاز بیگ سے فاروق آباد، کوٹ مومن سے راوی ٹول پلازہ، ایم 3 کو فیض پور سے جڑانوالہ انٹرچینج، رجانہ انٹرچینج، فیض پور سے درخانہ تک بند کر دیا۔
ایم 4 کو شیر شاہ انٹر چینج سے پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، گوجرہ سے شورکوٹ، شام کوٹ انٹرچینج سے عبد الحکیم انٹرچینج، پنڈی بھٹیاں، ایم 5 کو ظاہر پیر سے اوچ شریف انٹرچینج، شیر شاہ ٹول پلازہ اور ایم 11 کو محمود بوٹی ٹول پلازہ سے کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ، سمبڑیال تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارش کا امکان، پنجاب میں الرٹ رہنے کی ہدایت
ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
سید عمران احمد نے مزید کہا ہے کہ مسافر ڈرائیونگ کے دوران آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی بھی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔