پنجاب : نمونیہ کیسز میں اضافہ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 بچے جاں بحق

Published On 22 January,2024 11:25 am

لاہور: (دنیانیوز) پنجاب بھر میں سموگ اور خشک سردی سے نمونیہ کیسز میں اضافہ جاری ہے ، صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9 بچے جاں بحق ہوگئے ۔

لاہور سمیت پنجاب میں نمونیہ کی وبا خطرناک ہو گئی ، صوبے میں نمونیہ کے مزید 275 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد پنجاب میں مجموعی طور پر 8140 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 155 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد لاہور میں مجموعی کیسز کی تعداد 1430 ہوگئی ۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں نمونیہ سے 9 بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ لاہور میں 2 بچے جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے بھرمیں نمونیہ سے جاں بحق بچوں کی مجموعی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے۔

لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیہ ،چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں ، چلڈرن ہسپتال میں 60 سے زائد بچے زیر علاج ہیں جبکہ جناح ہسپتال، سروسز، جنرل اور گنگا رام ہسپتال میں بھی سیکڑوں بچوں کا علاج ہورہا ہے ۔

دوسری جانب عام مارکیٹ میں نمونیہ ویکسین اور ادویات کی دستیابی مشکل ہوگئی ہے ۔