پنجاب میں خشک سردی اور نمونیہ سے مزید 7 بچے جاں بحق

Published On 21 January,2024 01:29 pm

لاہور: (دنیانیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں سموگ اور خشک سردی کے باعث نمونیا کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 7 اور لاہور میں 2 بچے انتقال کر گئے، جس کے بعد نمونیہ سے جاں بحق بچوں کی مجموعی تعداد 179 تک پہنچ گئی ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیہ کے مزید 230 کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 135 نئے مریض سامنے آئے، صوبائی دارالحکومت میں نمونیہ کے مجموعی کیسز کی تعداد 1290 جبکہ پنجاب میں 7 ہزار 963 سے زائدہو گئی ۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیہ، چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں، چلڈرن ہسپتال میں 58 سے زائد بچے داخل ہیں جبکہ  جناح ہسپتال، سروسز، جنرل اور گنگا رام ہسپتال میں بھی بچوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔