لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر شدید دھند کا راج برقرار ہے۔
شدید دھند کے باعث موٹر وے کو مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم 2 پر اسلام آباد سے لاہور جانے والی ٹریفک کو روک دیا گیا، ایم ون پشاور سے برہان تک بند ہے۔
ایم 14 داؤدخیل سے یارک تک بند کر دی گئی، سوات ایکسپریس کو بھی کرنل شیر خان سے اسماعیلہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس عمران احمد کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، گاڑی کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
عمران احمد کے مطابق دھند میں تیز رفتاری سے پرہیز کیا جائے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھا جائے، شہری معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔