لاہور: (دنیا نیوز) رات ہوتے ہی میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے، مختلف موٹر ویز کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔
دھند کی شدت میں اضافہ کے باعث موٹر وے ایم 3 کو فیض پور سے درخانہ، موٹر وے ایم 5 کو شیر شاہ سے رحیم یارخان تک بند کر دیا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ملتان، فیصل آباد موٹروے، لاہور سیالکوٹ موٹروے کو بھی دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کے حفاظت ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے پہلے اپنی منزل مقصود تک پہنچ جائیں۔
ترجمان موٹروے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی کہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنانے کے علاوہ تیز رفتاری سے پرہیز اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں، سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان نے مزید بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔