ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج، موٹر وے مختلف مقامات سے بند

Published On 11 January,2024 09:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے، دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 1 پشاور سے شکئی تک دھند کی وجہ سے بند ہے، موٹر وے ایم 3 سمندری سے درخانہ تک، موٹر وے ایم 4 شورکوٹ سے فیصل آباد تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔

موٹر وے ایم 5 شیرشاہ سے ظاہر پیر تک جبکہ ایم 5 رحیم یار خان سے روہڑی تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے مزید کہا کہ موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دھند میں ڈرائیورز اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیرضروری سفر اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، ڈرائیورز دھند میں اپنی گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں۔