نگران وزیر اعلیٰ کا بادشاہی مسجد کا دورہ، علامہ اقبال اور بی بی پاکدامن کے مزاروں پر حاضری

Published On 20 January,2024 02:49 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے اپنی کابینہ کے ہمراہ مزار اقبال، بادشاہی مسجد اور مزار بی بی پاکدامن کے دورے کیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے مزار اقبال حاضری کے دوران دعا کی اور شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا، اس کے علاوہ انہوں نے مزار اقبال ؒ اور بادشاہی مسجد کی تزئین و آرائش اور بحالی کے کاموں اور آیات مقدسہ کو رکھنے کیلئے بنائے گئے ماڈل شو کیس کا معائنہ کیا، وزیر اعلیٰ نے تزئین و آرائش 31 جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

قبل ازیں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے بی بی پاکدامن کے مزار پر بھی حاضری دی، اس موقع پر صوبائی وزراء اور افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، محسن نقوی نے مزار کے توسیعی و تزئین و آرائش کے منصوبے پر پیشرفت اور کشادہ کیے گئے راستے کا معائنہ کیا، وزیر اعلیٰ نے مزار کے راستے کو کشادہ کرنے کے کام کو جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ مزار بی بی پاکدامن کی تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبہ آخری مراحل میں ہے، مزار کو آئندہ چند روز میں زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا، وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزراء نے مزار پر حاضری کے دوران پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور فلسطینی مسلمانوں کی سلامتی کیلئے دعا کی۔