وزیر اعلیٰ پنجاب نے میجر محمد اسحاق شہید فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Published On 17 January,2024 11:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میجر محمد اسحاق شہید فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

میجر محمد اسحاق شہید فلائی اوور والٹن منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا فلائی اوور بننے سے والٹن روڈ سگنل فری ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے والٹن روڈ پر 1.2 ارب روپے سے 2 یوٹرنز بنانے کا ارادہ تھا لیکن میجر اسحاق شہید فلائی اوور ایک ارب روپے سے بنائیں گے جس سے بچت ہو گی، میجر محمد اسحاق شہید فلائی اوور بننے سے ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہو جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ گلبرگ سے والٹن تک ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے بریج بنا رہے ہیں جو 15 فروری تک مکمل ہو جائے گا، منصوبے پر دن رات کام جاری ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ سی بی ڈی میں 9 ارب روپے سے ڈرینج پراجیکٹ پر کام ہو رہا ہے جس سے والٹن، ڈی ایچ اے اور کنٹونمنٹ کی آبادیاں مستفید ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ والٹن، ڈی ایچ اے اور کنٹونمنٹ میں لکشمی چوک سے بھی زیادہ پانی جمع ہوتا تھا اور ٹریفک کے بہاؤ میں مشکلات ہوتی تھیں، علاقے میں ٹریفک اور ڈرینج کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ امید ہے کہ میجر محمد اسحاق فلائی اوور 120 دن سے قبل مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، سی بی ڈی، محکمہ ہاؤسنگ، این ایل سی اور دیگر ٹیمیں مل کر ماضی کی طرح شاندار فلائی اوور بنائیں گے۔