کیا فوج پر حملہ کرنے والے ملک کے خیر خواہ ہوسکتے ہیں؟ احسن اقبال

Published On 29 January,2024 05:14 pm

شکرگڑھ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آزاد امیدوار کامیاب ہو کر آپ کا ووٹ بیچیں گے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے این اے 76 صالح پور بھجنہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تبدیلی کے نام پر کہا کہ آپ مجھے آزمائیں، ہم ووٹ کے ذریعے تعلیم اور ترقی لانا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو گمراہ کرکے گالم گلوچ سکھایا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی نے گالیوں کی نئی ڈکشنری دی ہے، پی ٹی آئی نوجوان وہ گالیاں دیتے ہیں جو پہلے زندگی میں نہیں سنیں، اس نے نوجوانوں کے دماغ میں اتنا زہر بھر دیا ہے کہ انہوں نے شہداء کے مجسمے جلائے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ کرنل شیر کی بہادری کا اعتراف بھارتی فوج نے کیا مگر پی ٹی آئی والوں نے اس کی بے حرمتی کی، 9 مئی کو پی ٹی آئی والوں نے چھاؤنیوں پر حملہ کیا، کیا فوج پر حملہ کرنے والے پاکستان کے خیر خواہ ہو سکتے ہیں؟

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر 9 مئی کے واقعات امریکہ میں ہوتے تو یہ سب 18 سال کی سزا سن چکے ہوتے، پاکستان میں تو سب لکڑ ہضم پتھر ہضم ہے، اس لئے سزائیں نہیں ہوئیں، ایک پارٹی مذہب کے نام پر ووٹ مانگ رہی ہے۔