لاہور:(دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سائفر کیس میں عدالت نے ملک دشمن سوچ کو انجام کا بتا دیا۔
مرکزی رہنما استحکام پاکستان پارٹی ڈاکٹر فردوس عاشق نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سزا کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے دس دس سال قید با مشقت کی سزا سنا کر ملک دشمنوں کو واضح پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی نظریاتی اساس و مفاد کے خلاف ہر سوچ کا انجام قید با مشقت کے سوا کچھ نہیں ہے، سائفر معاملے میں قومی سلامتی کو بیچ چوراہے ننگا کرنے کی کوشش کی گئی۔
سیکرٹری اطلاعات استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کشمیریوں کے حق سے منہ موڑ کر کشمیر کاز سے غداری کی اور جس ملک پر حکمرانی کی اسی کی جڑوں کو کھوکھلا کیا، جوملک دشمنی کی بد ترین مثال ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ انتخابات کے بعد مضبوط عوامی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالے گی، جمہوری روایات اور انتخابات سے ہی ملک میں معاشی و سیاسی استحکام آئے گا، استحکام پاکستان پارٹی معاشی و سیاسی استحکام کے ساتھ میدان میں آئی ہے۔