پیپلزپارٹی والے ہار دیکھ کر دہشتگردی پر اتر آئے ہیں: مصطفیٰ کمال

Published On 30 January,2024 10:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی والے ہار دیکھ کر دہشتگردی پر اتر آئے ہیں۔

سینئر ڈپٹی کنوینرایم کیو ایم پاکستان سید مصطفیٰ کمال نے کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی 15سالوں میں کچھ کام کرتی تو ایم کیو ایم ختم ہوگئی ہوتی، 15 سالوں میں 22 ہزارارب روپے صوبے پر خرچ کر دیئے گئے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 22 ہزارارب میں پورا سندھ پچاس بار نیا بن سکتا تھا، پینے کا پانی گھروں میں آتا نہیں ہے سیوریج کا پانی گھروں سے جاتا نہیں، بلاول بھٹو لاہور جاکر یہ نہیں کہہ سکتے لاہور والو ہمیں ووٹ دو اسے کراچی جیسا بنا دیں گے، اگر لاہور کراچی جیسا بن گیا وہاں بھی بچے گٹرمیں گر کرمریں گے۔

ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے مزید کہا کہ لاہور کراچی جیسا بن گیا تو وہاں بھی چھتیں ڈالنے کے سسٹم چلیں گے، پیپلزپارٹی ایک یونین کونسل کا نہیں بتا سکتی جو ماڈل طرز کی بنائی ہو، انشاء اللہ سہراب گوٹھ سے لیکر کیماڑی تک ہر کوئی ایم کیو ایم کا جھنڈا تھامے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کہاکہ تین ماہ میں ہمارے چھ سے زائد کارکنوں کو شہید کر دیا گیا، پیپلزپارٹی والو ہم مرنے سے نہیں ڈرتے، ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن لڑنا جانتے ہیں، ہمیں لڑنے پر مجبور کیا گیا تو تمہیں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ آنے والا وقت ایم کیو ایم کا ہے، مظلوموں کا ہے۔