ملک کا سب سے بڑا محسن اس قوم کا شہید ہے: نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

Published On 31 January,2024 06:53 pm

پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا محسن اس قوم کا شہید ہے۔

نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب اپنے لئے باعث فخر سمجھتا ہوں، یہ ہمارے شہداء کے احسانات کو یاد رکھنے کی تقریب ہے، مسلمان کی اصل زندگی موت کے بعد والی زندگی ہے، بہادر پولیس اور افواج پاکستان نے دشمن کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ ہماری پولیس نے جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے، ایمان اور بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا جاتا ہے، جو قومیں اپنے محسنوں کو بھول جاتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں، شہید کی موت قوم کی حیات ہے۔

نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ پولیس کے مسائل ہم سب کے مسئلے ہیں، حکومت کی پہلی ترجیح پولیس کے مسائل حل کرنا ہے، ہم نے یہ پالیسی بنائی ہے جو پولیس جوان زخمی ہوگا حکومت اپنے خرچے سے علاج کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے پولیس کی یادگاروں کی تزین و آرائش حکومت کرائے گی، شہداء فنڈز کے لئے 1 کروڑ روپے کا اعلان کرتا ہوں، ہم ہر وقت آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔