اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ قومی نوعیت کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرکے انکی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء، سندھ، کے پی اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، اجلاس کو ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس کا پیسہ عوام کا پیسہ ہے، تمام ترقیاتی منصوبوں کا محور عوامی فلاح و بہبود ہونا چاہئے، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی، پن بجلی و آبی ذخائر کی ترقی، زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کی ترقی کو ترقیاتی بجٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے فیصلہ سازی میں صوبوں کی مشاورت کو کلیدی اہمیت دیتی ہے، نگران حکومت کے قلیل دور میں ملکی ترقیاتی اہداف کے حصول میں خاطر خواہ کامیابی خوش آئندہ ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ بے شمار معاشی چیلنجز کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے ہی ملکی ترقی کا حصول ممکن ہے، اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔