پُرامن انتخابات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے: وزیر داخلہ

Published On 26 January,2024 07:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران امن وامان کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے نیشنل ایکشن پلان سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، ڈاکٹر گوہر اعجاز کو کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان کی جانب سے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، مربوط حکمت عملی اور باہمی تعاون سے ہی امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران امن وامان اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور غیر ملکیوں کو بھی فول پروف سکیورٹی دینے کے ساتھ ضابطہ اخلاق میں مزید بہتری لائی جائے گی۔

دریں اثنا نگران  وزیر داخلہ نے فیصل مسجد میں نماز ادا کی اور چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو تاریخی مسجد کی تزئین و آرائش کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔