لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے منشور تیار کر لیا ہے، ہفتہ کواعلان کیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ منشور نوازشریف، شہبازشریف اور مریم نوازشریف کے ہمراہ ماڈل ٹاﺅن میں منعقدہ تقریب میں باضابطہ طورپر جاری کریں گے، منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی، پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور دیگر مرکزی رہنما بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ قائدین عوام کو پارٹی کے انتخابی منشور2024ء کے نمایاں نکات سے آگاہ کریں گے، 8 فروری کو عام انتخابات کے بعد حکومت ملنے کی صورت میں عوام اور ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کے لئے اقدامات کے اپنے ایجنڈے کو پیش کریں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یکم نومبر 2023ء کو مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی نے کام شروع کیا تھا۔