اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے الیکشن اور وی وی آئی سکیورٹی کے اخراجات کیلئے وزارت خزانہ کو 30کروڑ روپے کی سمری بھجوائی دی۔
وفاقی پولیس نے الیکشن سکیورٹی پلان پیش کرتے ہوئےکہا ہے کہ الیکشن ڈیوٹی اور وی وی آئی پیز کی سکیورٹی کیلئے ہمارے پاس نفری اور گاڑیاں بہت کم ہیں جس سے پرامن انتخابات کے انعقاد میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
وفاقی پولیس نے الیکشن پلان کے مطابق پرامن الیکشن کے انعقاد کیلئے رینجرز اور ایف سی کےدو ہزار جوان، آزاد کشمیر پولیس کی 15 سو نفری طلب کر لی ہے ۔
آئی جی اسلام آباد پولیس اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ انتخابات کے لیے 30کروڑ روپے کی سمری بھجوائی ہے ،فنڈز سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کے کھانے، فیول اور رینٹل گاڑیوں کی مد میں خرچ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 28مارچ کے سیاسی پرتشدد احتجاج کے دوران ہماری 17گاڑیوں کو جلایا اور توڑ پھوڑ کی گئی جبکہ 7 گاڑیاں سری سرال گاؤں میں زمین وگزار کراتے ہوئے تباہ ہوئیں، اسلام آباد پولیس کو نارمل حالات میں 75چھوٹی بڑی گاڑیوں کی ضرورت ہے، الیکشن میں یہ طلب بڑھ جاتی ہے۔
اکبر ناصر خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں گاڑیوں کا اتوار بازار لگانے کی تجاویز زیر غور ہیں،اس کے علاوہ ٹریفک کے نئے ہیڈ آفس کو بھی منظور کرانے کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔
آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات میں حساس پولنگ سٹیشنز کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، امیدواروں کی جانب سے جاری الیکشن مہم کے دوران ماتحت پولیس افسروں اور اہلکاروں سے روزانہ کی بنیاد پر شہر کی امن و امان کی صورتحال کے متعلق رپورٹ لی جا رہی ہے۔