لاہور (دنیا نیوز) پنجاب بھر میں مانیٹرنگ ٹیموں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن کے دوران سکول ماسٹر برطرف کرنے کی سفارش کرتےہوئے متعدد امیدواروں کو نوٹس جاری کردیئے ۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی ہدایات پر مانیٹرنگ افسروں نے خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئےضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر منگوال سکول کے ای ایس ٹی ٹیچر ماسٹر انور کی فوری برطرفی کے احکامات جاری کردیئے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر چکوال نے سی ای او ایجوکیشن چکوال کو مراسلہ جاری کر دیا، ماسٹر انور امیدوار کی انتخابی اور سیاسی سرگرمیوں شریک تھے۔
مانیٹرنگ افسروں نے این اے 46اسلام آباد کے امیدوار انجم عقیل خان کو غیر قانونی کیمپ بنانے پر نوٹس جاری کردیا، خانیوال کے امیدواران ایان خان نیازی اور عبدالعلیم خان کو پینافلیکس پر قرآنی آیات درج کروانے پر نوٹس جاری ہوئے۔
الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرخانیوال این اے 155 اور پی پی 205 کے امیدواروں راجہ حیات معراج اور سید محمد مرتضیٰ کو پینا فلیکس آویزاں کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا جبکہ پی پی31 اور 34 گجرات میں قیصرہ الہٰی اورسمیرا الہٰی کو بھی نوٹس جاری ہوئے۔
ملتان میں کارروائیوں کے دوران پی پی 216 اور217 میں امیدوار رائے منصب اور ملک طاہر ڈوگر کو نوٹس جاری کئے، پی پی 41منڈی بہاؤ الدین سے بسمہ ریاض کو اوورسائز پینا فلیکس لگانے پر نوٹس جاری ہوئے ۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کی طرف سے مختلف امیدواروں کو وارننگ دی۔