اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں صنم جاوید اور شوکت بسرا کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے صنم جاوید اور شوکت بسرا کے کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
عدالت نے پہلے الیکشن کمیشن کے وکیل کو تیاری کا وقت دیا جس کے بعد عدالت نے ڈی جی لاء الیکشن کمیشن کی مصروفیت کے سبب سماعت 2 بجے تک ملتوی کر دی۔
بعد ازاں عدالت نے صنم جاوید اور شوکت بسرا کی اپیلوں پر دوبارہ سماعت کی، سپریم کورٹ نے دونوں امیدواروں کے کاغذات مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا اور الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
عدالت نے صنم جاوید کو این اے 120،119 اور پی پی 150 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی ہے جبکہ شوکت بسرا این اے 163 سے امیدوار ہیں۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو صنم جاوید اور شوکت بسرا کو انتخابی نشان دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ان حلقوں میں الیکشن شیڈول کے مطابق انتخابات کرائے جائیں۔