انتخابی نشان الاٹ نہ ہونے پر فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کا سندھ ہائیکورٹ سے رجوع

Published On 26 January,2024 12:36 pm

کراچی:(دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیرفہمیدہ مرزا اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے انتخابی کاغذات بحالی اور نشان الاٹ نہ ہونے کے معاملہ پر عدالت سے رجوع کرلیا۔

جی ڈی اے کےدونوں رہنماؤں کی جانب سے وکیل شہاب سرکی نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن قریب آ چکے ہیں،سندھ ہائیکورٹ کے واضح حکم نامہ کے باوجود انتخابی نشان الاٹ نہیں کئے گئے۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ فہمیدہ مرزا اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے انتخابی فارم 19جنوری کو بحال ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کررہا ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ کوئی بھی امیدوار انتخابی نشان کے بغیر الیکشن مہم کیسے چلا سکتا ہے،جو سراسرا زیادتی کے مترادف ہے،استدعا ہے کہ فوری  طور پر انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔

واضح رہے جی ڈی اے کے رہنما فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزاقومی اسمبلی کے حلقہ 223 سے امیدوار ہیں جبکہ ذوالفقار مرزا صوبائی اسمبلی کی 70،71 اور 72حلقے کی نشستوں پر بھی امیدوار ہیں۔