نوشہرہ: (دنیا نیوز) تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی اور پختونوں کی محرومیوں کے خاتمہ کے لئے میدان میں نکلا ہوں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ پختونوں نے بانی تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا مگر پختونوں کی محرومیاں ختم نہ ہوسکیں، آج اس صوبے سے پرویز خٹک کی کارکردگی نکال دیں تو یہ صوبہ کھنڈر نظر آئے گا، بانی پی ٹی آئی نے نئے پاکستان کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر ہے، ملک کے عوام آئی ایم ایف کے قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، میری یہ خواہش تھی کہ یہ چور اکٹھے ہوکر میرا مقابلہ کریں، میری دلی خواہش پوری ہوگئی ہے، اب ان سب کو میں اکیلا شکست دوں گا۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ آٹھ فروری کا سورج پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کی کامیابی کی نوید لیکر آئے گا، پگڑی کا نشان ترقی، کامیابی اور معاشی خوشحالی کا نشان ہے۔