لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی، سابق صدر سے وفد نے این اے 127 لاہور کی انتخابی مہم پر بات چیت کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کا حق حکمرانی قائم کرنے میں لاہور کی عوام کا تاریخی کردار رہا ہے، اقلیت سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ہمیشہ جمہوریت اور وفاق پرستوں کی حمایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شیر کہتا ہے کوئی میرے لئے شکار کرے پھر باہر آؤں گا: بلاول بھٹو زرداری
سابق صدر نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا دس نکاتی ایجنڈا اس ملک کی تقدیر بدل دے گا، 8 فروری کو پاکستانی عوام اور تیر کی جیت ہوگی، مسیحی برادری کے تحفظ اور حقوق کے لئے وفاق میں مزید مؤثر قانون سازی کریں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری کے حقوق کی جنگ پیپلزپارٹی ہی لڑتے دکھائی دے گی، پاکستان کی مسیحی عوام اور پیپلزپارٹی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔
وفد میں مسز مائیکل سیسل صدر اینڈ لارس چودھری فاؤنڈیشن، کاشف اسلم، سیمسن سلامت، نعیم گل، بہرام فرانسز، پیٹر جیکب، پیٹر چارلس سہوترا، جہانگیر غلام، ہارون ڈینئل، مسز سمیرا شفیق، یاسر طالب، ڈاکٹر آئیرا شریک تھیں، سینیٹر انور لال ڈین، نوید جیوا، انتھونی نوید بھی وفد میں شامل تھے۔