ملتان: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے کہا کہ عوام ہمیں ووٹ دیکر احسان کرتے ہیں ہم ان کی محبت کا قرض چکائیں گے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے رانا معراج خالد کے گھر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے مسائل حل کراؤں گا، عوام کی امیدوں پر پورا اتروں گا، بڑے یا چھوٹے مسائل ہوں ان کو حل کرانا میری ذمہ داری ہے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ 8 فروری کا دن ہمارے لئے خوشخبری کا دن ہوگا، ملکی معیشت کی بہتری سب سے اہم ہے، لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے، ایسے کام کریں گے جس سے لوگ خوشحال ہوں گے، شاہد محمود کے ساتھ ملکر حلقے کو پہلے سے بہتر بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف سے ملکر ملکی معیشت کو بہتر بنائیں گے۔